وزیراعظم شہباز شریف نے آذبائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے سمیت بھارتی جارحیت کے دوران پاکستان کی حمایت پر اظہار تشکر اور تبادلہ خیال کیا۔
آذبائیجان کے شہر لاچین میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے طرفہ ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف دی آرمی اسٹاف فیلڈ مارش سید عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
یہ ملاقات دونوں رہنماؤں اور ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاس ہے۔ وزیر اعظم نے آذربائیجان کے یوم آزادی کے موقع پر صدر علییوف اور آذربائیجان کے عوام کو پرتپاک مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان کا پاکستانی عوام کے ساتھ لازوال رشتہ ہے۔ وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعہ کے دوران پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کا شکریہ ادا کیا اور اُن کی قیادت اور عوام کی جانب سے اظہار یکجہتی کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کی پاکستان بھارت کشیدگی کے دوران بھرپور حمایت پر وزیراعظم نے آذربائیجان کی عوام کا شکریہ ادا کیا؛ بھارت کے خلاف معرکہء حق میں پاکستان کی کامیابیوں پر آذر بائیجان میں جشن منایا گیا تھا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے مکمل دائرہ کار کا جائزہ لیا اور پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔